لاہور
22مئی 2015ء
پریس ریلیز

پاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق (ایچ آر سی پی) نے ضلع قلات میں سکیورٹی فورسز کے ایک آپریشن میں شہریوں کی ہلاکت کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ عوام کو آپریشن کی تفصیلات سے آگاہ کیا جائے۔
جمعہ کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کمیشن نے کہا: ”ایچ آر سی پی کو قلات کے علاقہ جوہان میں فرنٹیئر کور کے آپریشن کے نتیجے میں ہونے والی شہریوں کی مبینہ ہلاکتوں پر سخت تشویش ہے“۔

”سکیورٹی فورسز کے ترجمان نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں 20جنگجوﺅں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا تھا۔ یہ واضح نہیں کہ آیا اس آپریشن میں سکیورٹی فورسز کاکوئی نقصان ہوا۔ تاہم، ایچ آر سی پی کو موصول ہونے والی بعض اطلاعات کے مطابق چند دکاندار اور کسان بھی اس آپریشن میں جاں بحق ہوئے ہیں۔ لیکن اس دعوے کی تصدیق ایک مشکل امر ہے۔چونکہ تمام علاقہ سکیورٹی فورسز کے گھیرے میں ہونے کی وجہ سے معلومات تک رسائی مشکل ہے“۔

”ضرورت اس بات کی ہے کہ تشویش پیدا کرنے والی ان اطلاعات کی فوری طور پر تحقیقات کرائی جائیں اور ان تحقیقات کے نتائج کو میڈیا کے ذریعے عوام تک پہنچایا جائے۔ خاص طور پر عوام کو اس آپریشن کے مقاصد کے حوالے سے معلومات فراہم کی جائیں اور ان افراد اور گروہوں کے بارے میں بتایا جائے جو اس آپریشن کا ہدف تھے۔ یہ بھی ضروری ہے کہ جن افراد کو حراست میں رکھا گیا ہے ان کے نام اور دوسری تفصیلات سے لوگوں کو آگاہ کیا جائے اورزیر حراست افراد کی عدالتوں کے سامنے پیشی اور مقدمے کے دوران حقوق کو یقینی بنایا جائے۔ سکیورٹی فورسز نے معصوم شہریوں کو آپریشن کی زد میں آنے سے محفوظ رکھنے کے لیے جو اقدامات کئے ہیں ان کی تفصیل بھی لوگوں تک پہنچنی چاہئے۔

(زہرہ یوسف)
چیئر پرسن ایچ آرسی پی