پریس ریلیز
ایچ آرسی پی نے بین العقائد قومی ورکنگ گروپ تشکیل دیا ہے
اسلام آباد، 25 ستمبر2018:پاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق نے حال ہی میں بین العقائد قومی ورکنگ گروپ تشکیل دیا ہے۔ کمیشن کا یہ اقدام مذہبی اقلیتوں کے لیے ایڈووکیسی وقانونی امداد کے لیے ایچ آر سی پی کے پہلے سے جاری ایک پراجیکٹ کا حصہ ہے۔
اسلام آباد میں گروپ کے افتتاحی اجلاس میں آج جاری ہونے والے ایک بیان ، ایچ آرسی پی نے اپنے اس دعوے کا ایک بار پھر اظہار کیا ہے کہ ‘مذہب اورعقیدے کی آزادی کمیشن کےمشن کا اہم حصہ ہے۔ بین العقائد قومی ورکنگ گروپ میں ملک میں بسنے والے مختلف عقائد کی نمائندگی ہے۔ یہ پلیٹ فارم عقائد کے مابین گفت و شنید کا اہتمام کرے گا اورمذہبی اقلیتوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے ایڈووکیسی کرے گا، معاشرے میں آگاہی پھیلائے گا اوردیگرضروری اقدامات اٹھائے گا۔
‘سیاسی نمائندوں سمیت مقامی اور صوبائی سطح پرمتعلقہ فریقین کے ساتھ باقاعدہ رابطوں کے علاوہ، یہ گروپ ملک بھر میں مقامی حقائق اور ضروریات کی بنیاد پرمذہب اور عقیدے کی آزادی کی نگرانی اور فروغ کے لیے فیکٹ فائنڈنگ مشقوں کا اہتمام بھی کرے گا۔ صرف اس برس کے دوران مذہب کی بنیاد پرہونے والے تشدد خاص طور پرمسیحوں، احمدیوں اورشیعہ ہزارہ کی ایذا رسانی کا جائزہ لیں تو یہ کہا جاسکتا ہے پالیسی سازوں اورسول سوسائٹی کو مذہب اورعقیدے کی آزادی پرپہلے سے بھی زیادہ جرات مندانہ اورپرعزم مئوقف اپنانے کی ضرورت ہے۔ اس مقصد کے لیے، ورکنگ گروپ اپنے اخذ کردہ حقائق اورسفارشات کے ذریعے پالیسی سازی کی سطح پرہونیوالی بحث کی رہنمائی کرتا رہے گااوراورمعاشرے میں تمام عقائد کی شمولیت اوررواداری کی مشترکہ اقدارکو مضبوط کرے گا۔’
ڈاکٹر مہدی حسن
چیئر پرسن