ایچ آر سی پی بانی رکن ایئر مارشل ظفر چودھری کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتا ہے
پاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق (ایچ آر سی پی) اپنے بانیوں میں سے ایک ، ایئر مارشل (ریٹائرڈ) ظفر چودھری کی وفات پرگہرےافسوس کا اظہار کرتا ہے۔ ایئر مارشل ظفر چودھری انسانی حقوق کے ایک سرگرم کارکن تھے۔ انہوں نے 1980 کی دہائی میں، جب پاکستان میں ایسا کوئی ادارہ موجود نہیں تھا، انسانی حقوق کے ایک آزاد ادارے ایچ آر سی پی کی داغ بیل ڈالنے میں اہم کردار ادا کیا۔۔ بعد ازاں، انہوں نے ادارے کی ایگزیکٹیو کونسل کے رکن کے طور پربھی خدمات سرانجام دیں اور ناساز صحت کے باوجود ایچ آر سی پی کے دفتری فرائض انجام دیتے رہے۔ ایچ آر سی پی لاہور میں سیکریٹریٹ کے قیام میں بھرپور مدد کرنے پر ان کا ہمیشہ ممنون رہے گا۔
ایچ آر سی پی کے پاکستان بھر میں موجود کارکن ان کی کمی کو شدت سے محسوس کریں گے، خاص طور پر ان کے دوست اور ساتھی، چیئرپرسن ڈاکٹر مہدی حسن، اعزازی ترجمان آئی اے رحمان، سابق چئیرپرسن زہرہ یوسف، وائس چیئرپرسن پنجاب سلیمہ ہاشمی اور کونسل رکن حنا جیلانی، جن کے وہ کافی قریب رہے۔
ایچ آر سی پی ایئر مارشل (ریٹائرڈ) ظفر چودھری کی یاد میں 30 دسمبر 2019 بروز پیرلاہورکے دفتر میں ایک ریفرنس کا انعقاد کرے گا۔
چیئرپرسن ڈاکٹر مہدی حسن کے توسط سے