ایچ آر سی پی کونسل رکن اور محنت کشوں کے حقوق کے کارکن زمان خان وفات پا گئے ہیں

لاہور، 22 اکتوبر 2021۔ ہومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) ادارے کی موجودہ  انتظامی کونسل کے سینئیر رکن زمان خان کی وفات پر شدید غمزدہ ہے جو آج فیصل آباد میں ہمیں داغِ مفارقت دے گئے ہیں۔ محترم خان ایچ آر سی پی کے بانیان میں شامل تھے اور ادارے کی پہلی کونسل کے رکن تھے۔ بعدازاں، وہ لگ بھگ دو عشروں تک ایچ آر سی پی کے مرکز شکایات کے سربراہ رہے اور انسانی حقوق کی خلاف وزویوں کے متاثرین کو قانونی امداد اور حفاظتی خدمات تک رسائی دینے میں مدد دیتے رہے۔

اپنے زمانہ طالبعلمی سے انسانی حقوق کے پُرعزم دفاع کار ہونے کے ساتھ ساتھ محترم خان ٹریڈ یونین رہنما، سیاسی کارکن اور دانشور بھی تھے۔ محنت کشوں کے حقوق سے دِلی لگاؤ کی وجہ سے وہ طویل عرصہ تک مزدور کسان پارٹی کے ساتھ وابستہ رہے، جس دوران اُنہوں نے محنت کشوں کی تحریک اور اُس تحریک کے کئی قائدین کی جدوجہد کو بڑے منفرد انداز میں قلمبند کیا۔

پاکستان-انڈیا پیپلز فورم فار پیس اینڈ ڈیموکریسی اور ساؤتھ ایشینز فار ہیومن رائٹس کے بانی رکن کی حیثیت سے وہ ہندوستان اور پاکستان کے مابین پرامن تعلقات کے حامی رہے۔ وہ ایک ممتاز مصنف اور صحافی بھی تھے جنہوں نے دی مسلم اور فرنٹئیر پوسٹ کے بیورو چیف کی حیثیت سے کام کیا اور سزائے موت سے لے کر پنجابی لوک داستانیں اور ادبی تحریریں رقم کیں۔

زمان خان کو ایچ آر سی پی میں اُن کے ساتھی اور دوست اور پورے جنوبی ایشیا کے ترقی پسند حلقے ہمیشہ یاد کرتے رہیں گے۔

حنا جیلانی

چئیرپرسن