حکومت کو پُرامن اجتماع کی آزادی کے تحفظ کا مظاہرہ کرنا ہو گا
لاہور، 12 اکتوبر۔ پاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق (ایچ آر سی پی) نے 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی ریلی کی مانیٹرنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انسانی حقوق کے خودمختار اور غیرجانبدار ادارے کی حیثیت سے، ایچ آر سی پی کے اِس اقدام کا مقصد اِس امر کو یقینی بنانا ہے کہ ریاست تمام شہریوں کے پُرامن اجتماع کی آزادی کے حق کا احترام و تحفظ کرے جس کی ضمانت انہیں دستورِ پاکستان کےآرٹیکل 16 اور شہری و سیاسی حقوق کے عالمی میثاق (آئی سی سی پی آر) جس کا پاکستان فریق ہے، کے آرٹیکل 21 میں دی گئی ہے۔
ایچ آر سی پی کی رائے میں، پرامن اجتماع کی آزادی کی حفاظت پر ریاست کی آمادگی سے ہی جمہوریت، تنوع اور سماجی تبدیلی کے لیے اِس کے عزم کا عملی مظاہرہ ہو سکتا ہے۔ اگر پاکستان کو سول سوسائٹی کے لیے سکڑتی فضا کو کشادہ کرنا ہے تو اس کے لیے نہایت ضروری ہے کہ ملک کے ہر حصے میں آباد شہری اجتماعی طور پر اپنی سیاسی آراء کا اظہار کر سکیں اور سماج میں غالب آراء کو بلا خوف و خطر چیلنج کر سکیں۔
ایچ آر سی پی توقع کرتا ہے کہ ریلی کے منتظمین اور شرکاء اور ریلی کی کوریج کرنے والے ذرائع ابلاغ پر جابرانہ پابندیاں نہیں لگائی جائیں گی۔
چئیرپرسن ڈاکٹر مہدی حسن کے ایماء پر