سرحد پر پائی جانے والی کشیدگی باعث تشویش ہے
26 فروری 2019: ہندوستان کی جانب سےپاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی اطلاعات کے بعد، پاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق (ایچ آر سی پی) نے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
آج جاری ہونے والے ایک بیان میں ایچ آر سی پی نے کہا کہ یہ ہندوستان کے حملے کو ایک اشتعال انگیز اقدام قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کرتا ہے۔ باوجود اس حقیقت کے کہ پاکستان میں قومی جذبات عروج پر ہیں، ہم دونوں ممالک پر زور دیتے ہیں کہ وہ ضبط کا مظاہرہ کریں۔ ہندوستانی اور پاکستانی حکومتوں کے نمائندوں کے درمیان جاری لفظی لڑآئی بند ہونی چاہئے اور ایک دانشمندانہ اورپختہ سفارت کاری کا راستہ اختیار کیا جانا چاہئے۔
‘ہندوستان اور پاکستان دونوں کو اپنے انسانی حقوق سے متعلق ریکارڈ میں بہتری کے لیے ابھی ایک طویل سفر طے کرنا ہے۔ اس کے لیے علاقائی امن ناگزیر ہے۔ ایچ آر سی پی سرحد کے دونوں طرف موجود سول سوسائٹی کےان کارکنوں کی حمایت کرتا ہے جو عقل و دانش کے پرچار، اور بظاہر “قومی” مفاد میں دیے گئے اشتعال انگیز بیانات کے حوالے سے احتیاط کا مظاہرہ کرنےکا مطالبہ کررہے ہیں۔ دونوں ریاستوں میں سے کسی کو بھی لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے کا کوئی حق نہیں۔’
ڈاکٹر مہدی حسن
چیئر پرسن