پریس ریلیز
لاہور
اپریل05، 2018
عاصمہ جہانگیر کنونشن
پاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق (ایچ آر سی پی) 7-8اپریل2018 کو الحمرا آرٹس سنٹر (ہال نمبر1) ، مال روڈ لاہور میں عاصمہ جہانگیر کنونشن کا انعقاد کرے گا۔
شرکت گاہ، عورت فاؤنڈیشن، ساؤتھ ایشین فری میڈیا ایسوسی ایشن(سیفما)، سیمرغ اور ساؤتھ ایشیا پارٹنر شپ پاکستان (سیپ-پی کے) کے تعاون سے منعقد ہونے والے اس کنونشن کا مقصد نہ صرف مرحومہ عاصمہ جہانگیر کو خراج تحسین پیش کرنا ہے بلکہ اس بات کا جائزہ بھی لینا ہے کہ ہم سول سوسائٹی کے اراکین کے طور پران کے مشن کو کیسے جاری رکھ سکتے ہیں۔اس صورتحال میں، یہ بھی ضروری ہے کہ ہم پرانی شراکتوںکو مضبوط بنائیں اور وکلائ، خواتین کے حقوق کے کارکنوںاورصحافیوں،کسانوں ، مزدوروں اور مذہبی اقلیتوں کے حقوق پر کام کرنے والے گروہوں سمیت تمام تنظیموں میں نئے ساتھی تلاش کریں، اور ان مقاصد کے حصول کے لیے کام کریں جن کے لیے عاصمہ جہانگیر نے جدوجہد کی تھی۔
7اپریل بروز ہفتہ کے سیشنوں میں محترمہ عاصمہ جہانگیر کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا اور ایچ آر سی پی کی سالانہ رپورٹ ’2017ءمیں انسانی حقوق کی صورتحال‘ کا مختصر اجراءہوگا۔ 8اپریل کے سیشنوں میں پاکستان کے سماجی وسیاسی بحران کا جائزہ لیا جائے گا اور ان مقاصد کے حصول کے لیے سوچ بچار بھی کیا جائے گا جن کے لیے ایچ آر سی پی جدوجہد کر رہا ہے، ان عظیم اہداف میں مذہبی عقیدے کی آزادی، اظہار اور انجمن سازی کی آزادی، خواتین کے حقوق، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی، مزدوروں وکسانوں کے حقوق، عوام کو انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے متحرک کرنا اور پاکستان کے ماحولیاتی بحران کا حل شامل ہیں۔
مقررین میں سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر، نامور مصنف اور انسانی حقوق کے کارکن آئی اے رحمن، وکیل اور انسانی حقوق کی کارکن حنا جیلانی، سینیٹر افراسیاب خٹک اور صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن پیر کلیم خورشید شامل ہیں۔
ڈاکٹر مہدی حسن
چیئر پرسن ایچ آرسی پی