پریس ریلیز
ایچ آر سی پی کی پٹیشن پر خضدار سے 43 گروی مزدوروں کی رہائی
کوئٹہ، 20 نومبر 2021۔ ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) کی طرف سے دائر کی گئی پٹیشن کے بعد ضلع خضدار کے علاقہ اورناچ میں 43 گروی مزدوروں کو رہائی ملی ہے، جہاں وہ ایک مقامی زمیندار کے لیے بطورِ زرعی مزدور کر رہے تھے۔ ان مزدوروں کا تعلق حیدرآباد کی ہندو برادری سے ہے، جہاں اُن کے ایک رشتہ دار نے ایچ آر سی پی کے حیدرآباد دفتر میں اُن کی صورتحال کے متعلق شکایت درج کی تھی۔ اس کے بعد شکایت ایچ آر سی پی کے کوئٹہ دفتر کو ارسال کی گئی۔
بعدازاں، ایچ آر سی پی نے بلوچستان ہائی کورٹ میں ایک پٹیشن دائر کی، جہاں جسٹس ہاشم خان کاکڑ اور جسٹس نذیر احمد لانگو پر مشتمل ڈویژن بنچ نے خضدار کے ڈپٹی کمشنر کو حکم دیا کہ وہ مزدوروں کو بازیاب کروا کر عدالت میں پیش کربں۔ بعدازاں، ہائی کورٹ نے اُنہیں حیدرآباد بھیجنے کی ہدایت کی۔
حنا جیلانی
چیئرپرسن