پریس ریلیز
پنجاب میں حقوق کے تحفظ میں اضافہ کیا جائے
لاہور، 4 اپریل 2024: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو لکھے گئے خط میں پاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق (ایچ آر سی پی) کے چیئرپرسن اسد اقبال بٹ نے صوبے میں حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں پر فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
خواتین، بچوں اور خواجہ سراؤں کے خلاف تشدد میں کمی کے آثار نظر نہ آنے پر ایچ آر سی پی نے پنجاب کمیشن برائے حقوق نسواں کو مضبوط بنانے، بچوں کے تحفظ کے مزید موثر نظام قائم کرنے اور شادی کی عمر 18 سال تک بڑھانے کے لیے قانون سازی کی سفارش کی ہے۔
2014 کے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے اور توہین مذہب کے جھوٹے الزامات پر سزا دینے کے لیے اقدامات کرکے مذہبی آزادیوں کو لاحق خطرات سے بھی نمٹا جانا چاہیے۔ غیر محفوظ مزدوروں کے تحفظ کے لیے معائنے، حفاظتی پروٹوکول اور اجرت سے متعلق موجودہ لیبر قوانین اور ضوابط پر عمل درآمد کیا جانا چاہیے۔
اختلاف رائے کو دبانے کے ہتھکنڈے، جیسے کہ من مانے چھاپے اور نظربندیاں اور آزادی صحافت پر غیر اعلانیہ پابندیاں ختم ہونی چاہئیں۔ خواتین اور دیگر سیاسی قیدیوں کو بھی فوری طور پر رہا کیا جانا چاہیے اور ریاست کو طلبہ یونینوں کی بحالی کے لیے قانون سازی کرنی چاہیے۔
اسد اقبال بٹ
چیئرپرسن