پریس ریلیز
آزادی اظہار کے تحفظ کے لیے پیکا قانون کے خلاف اتحاد کا قیام
اسلام آباد، 30 جنوری 2025: پاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق (ایچ آر سی پی) کی جانب سے آج منعقد ہونے والے مشاورتی اجلاس میں شرکاء نے الیکٹرانک جرائم کی روک تھام کا (ترمیمی) ایکٹ 2025 کی منظوری پر شدید افسوس کا اظہار کیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ یہ قانون نہ صرف صحافت بلکہ عام سوشل میڈیا صارفین کی آزادی اظہار پر بھی مزید قدغن لگائے گا۔اجلاس میں رؤف عطا، سینئر وکیل عابد ساقی، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے صدر افضل بٹ، راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (آر آئی یو جے) کے صدر طارق علی ورک، جنرل سیکریٹری آصف بشیر چوہدری، ‘وجہ’ کی بانی فوزیہ کُلثوم رانا اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر ضمیر حسین گھمرو نے شرکت کی۔ سینئر صحافی حامد میر اور مطیع اللہ جان، ایچ آر سی پی کے کونسل اراکین ناصر زیدی، فرحت اللہ بابر اور ندا علی، اور ایچ آر سی پی کے سابق چیئرمین افراسیاب خٹک نے بھی اس قانون پر اظہار خیال کیا۔
اجلاس کی صدارت ایچ آر سی پی کی شریک چیئرپرسن منیزے جہانگیر نے کی، جبکہ ‘بولو بھی’ کے ڈائریکٹر اسامہ خلجی، اے جی ایچ ایس کی نمائندہ انس وقی اور وکیل صلاح الدین احمد نے قانون سے متعلق پریزنٹیشنز دیں۔ شرکاء نے شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جن سیاسی جماعتوں نے پہلے پیکا ترامیم کی مخالفت کی تھی، انہوں نے اب اسے فوری طور پر منظور کر لیا ہے۔ شرکاء نے مطالبہ کیا کہ تمام متعلقہ جماعتیں آزادی اظہار کے حوالے سے اپنا مؤقف واضح کریں۔ انہوں نے اس معاملے میں اسٹیبلشمنٹ کے آگے جھکنے پر سیاسی جماعتوں کی مذمت کی۔
اگرچہ شرکاء نے تسلیم کیا کہ جعلی خبروں سے متعلق خدشات موجود ہیں، تاہم انہوں نے زور دیا کہ ان خدشات اور آزادی اظہار کے آئینی حق کے درمیان توازن قائم کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ‘جعلی خبر’ کی مبہم اور وسیع تعریف کی اختلاف رائے کو دبانے کے لیے استعمال کی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ، اس قانون کے تحت اب کوئی بھی شخص شکایت درج کرا سکتا ہے، چاہے وہ متاثرہ فریق ہو یا نہ ہو، جس سے اس کے بے جا استعمال کے امکانات مزید بڑھ گئے ہیں۔
مشاورت کے اختتام پر آزادی اظہار کے تحفظ کے لیے ایک وسیع اتحاد بنانے کی قرارداد منظور کی گئی۔ اس اتحاد میں پی ایف یو جے، ایس سی بی اے، ایچ آر سی پی، ڈیجیٹل میڈیا الائنس فار پاکستان، فریڈم نیٹ ورک، ارادہ، وجہ، بولو بھی اور اینکرز ایسوسی ایشن آف پاکستان شامل ہوں گے۔
اسد اقبال بٹ
چیئرپرسن