پریس ریلیز

الزامات ثابت ہونے پر سی او آئی ای ڈی کے چیئرمین کو عہدے سے ہٹایا جائے۔

لاہور، 8 جولائی 2022۔ پاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق (ایچ آر سی پی) نے انکوائری کمیشن برائے جبری گمشدگان کے چیئرمین اور قومی احتساب بیورو (نیب) کے سابق چیئرمین جسٹس (ریٹائرڈ) جاوید اقبال اور نیب کے دیگر حکام پر جنسی ہراسانی کے کے الزام کا سنجیدگی سے نوٹس لیا۔

ایچ آر سی پی کے لیے یہ بات انتہائی تشویشناک ہے کہ یہ الزامات ایک خاتون کی طرف سے لگائے گئے جس نے جسٹس (ریٹائرڈ) اقبال سے ان کے بطورِ چیئرمین سی او آئی ای ڈی رابطہ کیا تھا- چیئرمین سی او آئی ای ڈی ایک ایسا عہدہ ہے جس میں وہ محترمہ گل کی گواہی کے تحفظ اور ایک لاپتہ رشتہ دار کے ضمن میں انہیں انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کے ذمہ دار تھے۔

جسٹس (ریٹائرڈ) اقبال نے نہ صرف مبینہ طور پر دو حیثیتوں سے اپنے عہدے کا غلط استعمال کیا ہے بلکہ وہ ان الزامات کا جواب دینے کے لیے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے سامنے پیش ہونے میں بھی ناکام رہے ہیں۔ ان کے اور دیگر سرکاری اہلکاروں کے خلاف الزامات کی شفاف اور آزادانہ تحقیقات ہونی چاہیے اور اگر یہ الزامات ثابت ہو جائیں تو انھیں عہدے سے ہٹایا جائے۔ ایچ آر سی پی  تحقیقات کے اس مطالبے اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں ہونے والی کارروائی پر نظر رکھے گا۔

حنا جیلانی
چیئرپرسن