پریس ریلیز

ایچ آر سی پی مشن آزاد جموں و کشمیر میں فوری اور جامع سیاسی مذاکرات کا مطالبہ کرتا ہے

اگست 29، 2026، لاہور۔ ۔پاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق کے آزاد جموں و کشمیر کا دورہ کرنے والے ایک فیکٹ فائنڈنگ مشن نے خطے میں حالیہ بے چینی کی وجہ ادارہ جاتی عدم اعتماد، اظہار رائے اور رابطوں پر وسیع پابندیوں، اور ریاست کے جارحانہ ردعمل (بشمول طاقت کے بےجا استعمال) کو قرار دیا ہے۔ مجموعی طور پر ان اقدامات نے فاصلوں کو بڑھایا اور عوام کے اعتماد کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔

مشن کو تشدد کے پیمانے، جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (JAAC) کے احتجاجی طریقوں اور سیکیورٹی فورسز کے رویے کے بارے میں متضاد اطلاعات ملیں۔ اس کے باوجود، سیاسی اور سماجی حلقوں کے تمام فریقین—بشمول جاک کے حامی و مخالفین اور سیاسی رہنما—اس بات پر متفق نظر آئے کہ بنیادی تنازع کا حل طاقت کے استعمال کے بجائے سیاسی مذاکرات کے ذریعے ہونا چاہیے۔

مشن نے مظاہرین کے خلاف جان لیوا اور شدید طاقت کے استعمال کے الزامات پر خاص تشویش کا اظہار کیا۔ اس کے علاوہ جاک کے کم از کم 147 کارکنوں کے نام فورتھ شیڈول میں شامل کرنے اور سیاسی اختلافِ رائے رکھنے والوں کے خلاف انسدادِ دہشت گردی کی قانون سازی کے استعمال پر بھی تحفظات ظاہر کیے۔ کارکنوں اور صحافیوں کی گرفتاریوں، اور سرکاری حکام و جاک کے حامیوں دونوں کی جانب سے صحافت پر ڈالے جانے والے دباؤ نے شہریت اور شہری آزادیوں کے دائرے کو مزید محدود کر دیا ہے۔

باغ میں انتخابی عمل کا جائزہ لیتے ہوئے، مشن کو پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹروں کے ساتھ کسی قسم کے منظم جبر یا تشدد کے بہت کم ثبوت ملے۔ مشن کے مطابق کچھ علاقوں میں کم ٹرن آؤٹ رکاوٹوں کی بجائے رضاکارانہ بائیکاٹ اور مایوسی کا نتیجہ تھا۔ تاہم، سیکیورٹی کی بھاری نفری، مواصلاتی پابندیوں، مرحلہ وار پولنگ اور کچھ حلقوں میں پولنگ ملتوی ہونے کی وجہ سے انتخابی ماحول کی شفافیت پر خدشات اب بھی برقرار ہیں۔

مشن نے جون 2026 سے اب تک ہونے والی تمام مبینہ ہلاکتوں اور زخمیوں کی آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے، تاکہ شواہد کی بنیاد پر سرکاری حکام اور مظاہرین دونوں کا انفرادی طور پر محاسبہ کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ تمام گرفتار افراد کے ساتھ قانون کے معین طریقہ کار کے تحت سلوک کو یقینی بنائے، انسدادِ دہشت گردی اور امتناعی حراست کے قوانین کے استعمال پر نظرثانی کرے اور مواصلات و نقل و حرکت پر غیر متناسب پابندیوں کا خاتمہ کرے۔

مشن نے مزید یہ تجویز دی ہے کہ تمام تر شکایات کا ازالہ کرنے کے لیے جاک، سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی کے ساتھ جامع مذاکرات کیے جائیں۔ طویل المدت حل کے طور پر، خطے کی سیاسی جماعتوں کی جانب سے سیاسی تنازعات کو بڑھنے سے پہلے حل کرنے کے لیے ایک مستقل نظام قائم کرنے کی تجاویز دی گئی ہیں۔ مزید برآں، مشن نے مطالبہ کیا ہے کہ 12 مہاجرین کی نشستوں کی حیثیت کا تعین کرنے کے لیے آئینی و مشاورت پر مبنی عمل شروع کیا جائے اور الیکشن کمیشن 2026 کے انتخابی عمل کا آزادانہ جائز لے۔

اسد اقبال بٹ
چیئرپرسن