پریس ریلیز
ایچ آر سی پی کو چولستانیوں کے حقِ اراضی کے لیے احتجاجی مظاہرے کی اجازت نہیں دی گئی
لاہور، 11 ستمبر 2023۔ پاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق (ایچ آر سی پی) کو بہاولپور کی مقامی سول انتظامیہ نے پرامن احتجاجی مظاہرہ اور پریس کانفرنس کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ مظاہرے اور پریس کانفرنس کا مقصد چولستان میں غیر مقامی لوگوں کو زمین کی الاٹمنٹ پر تحفظات کا اظہار کرنا تھا۔ چولستان میں غیر مقامی لوگوں کو زمینوں کی الاٹمنٹ کا معاملہ اُن بڑے مسائل میں سے ایک ہے جن کا اظہار مقامی باشندوں نے 2022 میں ایچ آر سی پی کے ایک فیکٹ فائنڈنگ مشن اور بعدازاں فروری 2023 میں انسانی حقوق کیمپ کے دوران کیا تھا۔
مقامی انتظامیہ کایہ فیصلہ نہ صرف چولستانیوں کے پرامن اجتماع کی آزادی کے حق کے منافی ہے بلکہ اِس کا مقصد لوگوں کے اِس مطالبے کو کمزور کرنا ہے کہ قانون کی پیروی کرتے ہوئے چولستان کی اراضي صرف مقامی چولستانیوں کو الاٹ کی جائے۔ ایچ آر سی پی کو چولستان کے باشندوں سے مسلسل یہ اطلاعات موصول ہو رہی ہیں کہ اُنہوں نے اِس زمین کی الاٹمنٹ کے لیے 2018 سے درخواستیں دائر کر رکھی ہیں جن پر وہ صدیوں سے رہ رہے ہیں مگر اُن درخواستوں پر اب تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔
اگرچہ ہمارا احتجاجی مظاہرہ اور پریس کانفرنس اب ملتوی ہو گئی ہے مگر ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ہم اپنے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، چولستان کے باشندوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور اُن کے جائز مسائل پر توجہ دلانے اور اُنہیں حل کروانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔
حنا جیلانی
چئیرپرسن