پریس ریلیز

ایچ آر سی پی کے چالیسویں سالانہ عمومی اجلاس میں آئینی جمہوریت اور بنیادی حقوق کو درپیش خطرات پر تشویش کا اظہار

نومبر 15، 2026، لاہور: پاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق (ایچ آر سی پی) کے چالیسویں سالانہ عمومی اجلاس کے اختتام پر جنرل باڈی نے ملک بھر میں آئینی جمہوریت اور بنیادی حقوق پر بڑھتے ہوئے حملوں پر فوری توجہ مبذول کروائی ہے۔

جنرل باڈی نے اس امر پر شدید تشویش کا اظہار کیا کہ آزادیٔ اظہارِ رائے کے حق کو سنسرشپ، کڑی نگرانی، پابندیوں پر مبنی ضوابط اور فوجداری قوانین کے غلط استعمال کے ذریعے بتدریج ختم کیا جا رہا ہے۔ اکتوبر 2026 میں انسانی حقوق کے وکلاء ایمان مزاری حاضر اور ہادی چٹھہ کو سنائی جانے والی دس سال قید کی سزائیں اس امر کی تشویش ناک مثال ہیں کہ اپنے آئینی حقوق استعمال کرنے والے کسی بھی فرد کو کس طرح نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

جبری گمشدگیوں کا سلسلہ روا رکھ کر حقِ آزادی اور قانونی ضابطۂ کار کی بدستور سنگین خلاف ورزی کی جا رہی ہے، جبکہ ماہ رنگ بلوچ، علی وزیر اور ادریس خٹک سمیت انسانی حقوق کے کارکنوں کی مسلسل حراست اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ ریاست جوابدہی کا مطالبہ کرنے والے افراد کے تحفظ میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔ ایچ آر سی پی مطالبہ کرتا ہے کہ تمام زیرِ حراست افراد کو مجاز عدالتوں کے سامنے پیش کیا جائے، انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت من مانی حراست کے اختیارات کو منسوخ کیا جائے اور حراستی مراکز کا خاتمہ کیا جائے۔ آزاد جموں و کشمیر میں جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی پر عائد پابندی بھی واپس لی جانی چاہیے۔

بلوچستان میں سکیورٹی کی صورتِ حال ایک کھلے اور ملک گیر قومی مباحثے کی متقاضی ہے۔ ایچ آر سی پی صوبے میں مقامی آبادی کے ذرائعِ معاش کے تحفظ کے لیے سرحد پار تجارت کی بحالی کا بھی مطالبہ کرتا ہے۔

جنرل باڈی  نے خیبر پختونخوا میں وفاقیت اور جمہوری نمائندگی کے زوال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اکتوبر2026  صوبے میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ، صوبے کے منتخب چیف ایگزیکٹو کی حراست اور پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں کی بڑے پیمانے پر گرفتاریوں سے اس صورتِ حال کا واضح اظہار ہوتا ہے۔ بعد ازاں، وفاقی آئینی عدالت نے مداخلت کرتے ہوئے عدالتِ عالیہ پشاور کے آئینی دائرۂ اختیار کو محدود کر کے انصاف تک رسائی اور عدلیہ کی آزادی کو مزید نقصان پہنچایا۔ سیاسی جماعتوں کو میثاقِ جمہوریت میں درج جمہوری اصولوں کی پاسداری کی طرف واپس آنا چاہیے، بجائے اس کے کہ وہ سیاسی مصلحت کو ترجیح دیں جس کی قیمت جمہوری اداروں کو چکانا پڑے۔

چھبیسویں اور ستائیسویں آئینی ترامیم نے عدلیہ کی آزادی اور ادارہ جاتی نگرانی و توازن کے نظام کو بہت زیادہ کمزور کیا ہے۔ ایچ آر سی پی مطالبہ کرتا ہے کہ دونوں ترامیم پر نظرِثانی کی جائے، عوامی عہدے رکھنے والے افراد کو حاصل تاحیات استثنیٰ واپس لیا جائے اور فوجی عدالتوں میں عام شہریوں کے ٹرائل کا سلسلہ ختم کیا جائے۔ آئندہ کی کسی بھی آئینی ترمیم کی بنیاد تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان حقیقی اتفاقِ رائے پر ہونی چاہیے۔ یہی اصول نئے صوبوں کے قیام کی تجویز پر بھی لاگو ہونا چاہیے، جس کے لیے آئینی ترمیم درکار ہے اور اسے ایسے کسی بھی طریقے سے آگے نہ بڑھایا جائے جو پاکستان کے وفاقی ڈھانچے کو کمزور کرے۔ اور نہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے کوئی ایسا قدم اٹھایا جائے جس کی قیمت مضبوط مقامی حکومتوں کو چکانی پڑے۔

مذہبی اقلیتیں بدستور اہدافی تشدد، امتیازی سلوک اور توہینِ مذہب سے متعلق مقدمات میں ظلم و ستم کا سامنا کر رہی ہیں۔ احمدیہ برادری کی عبادت گاہوں پر حملوں، ہجوم کے تشدد کے واقعات — جن میں شیخوپورہ میں ایک مسیحی ڈاکٹر کے خلاف حملہ بھی شامل ہے— سے لے کر لوگوں کو توہینِ مذہب کے جھوٹے مقدمات میں پھنسانے اور ہندو خواتین اور لڑکیوں کی جبری مذہبی تبدیلی تک، مختلف نوعیت کے واقعات میں مجرموں کو بدستور سزا سے استثنیٰ حاصل ہے۔ ایچ آر سی پی زور دیتا ہے کہ قومی کمیشن برائے اقلیتیں کے قیام میں مزید تاخیر نہ کی جائے اور تشدد پر اکسانے اور جبری مذہبی تبدیلی کی منصوبہ بندی و سرپرستی کرنے والے عناصر کو جوابدہ ٹھہرایا جائے۔

ایچ آر سی پی اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ معاشی ناہمواری میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ کفایت شعاری کے اقدامات اور سماجی تحفظ کے غیر موثر انتظامات کے باعث کم آمدنی والے گھرانوں پر غیر متناسب بوجھ پڑ رہا ہے۔ ایچ آر سی پی اس بات پر زور دیتا ہے کہ معاشی پالیسی وضع کرتے وقت باعزت زندگی گزارنے کے لیے مناسب اجرت کے حق، باوقار روزگار اور بنیادی عوامی سہولیات تک رسائی کو ترجیح دی جانی چاہیے۔ ریاست پر یہ ذمہ داری بھی عائد ہوتی ہے کہ وہ ان افراد اور طبقات کے تحفظ کو یقینی بنائے جو تشدد اور امتیازی سلوک کے خطرات سے سب سے زیادہ دوچار ہیں، بالخصوص خواتین، خواجہ سرا افراد اور دیگر پسماندہ طبقات جن کے حقوق محض کاغذی کارروائی تک محدود نہیں رہنے چاہییں۔

اسد اقبال بٹ
چئیرپرسن