پریس ریلیز
سندھ حکومت جوکھیو کیس کی پیروی کرے۔ ایچ آر سی پی
لاہور، 14 اپریل 2022۔ پاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق (ایچ آر سی پی) نے عدم ثبوت کی بنیاد پر ناظم جوکھیو کے قتل کے ملزموں کی فہرست سے پی پی پی کے دو موجودہ قانون سازوں کو خارج کرنے کے فیصلے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ایچ آر سی پی کا مشاہدہ ہے کہ یہ پیشرفت اس دباؤ اور تنہائی کی نشاندہی کرتی ہے جسے شیریں جوکھیو نے گزشتہ نومبر میں اپنے شوہر پر وحشیانہ تشدد اور قتل کرنے کے الزام میں ‘معاف’ کرنے کی اپنی وجوہات کے طور پر بیان کیا ہے۔ محترمہ جوکھیو کا مذکورہ بیان اور ملزمان کی فہرست سے پی پی پی کے ان قانون سازوں کے اخراج کے فیصلے کی کڑیاں ایک دوسرے سے ملتی نظر آتی ہیں۔
ایچ آر سی پی کا خیال ہے کہ محترمہ جوکھیو کا فیصلہ یقینی طور پر رضاکارانہ نہیں اور اسے قانونی طور پر قابل قبول نہیں سمجھا جانا چاہیے۔ موجودہ سیاسی صورتحال میں سندھ حکومت کے لیے یہ دکھانے کے لیے موجودہ مقدمہ ایک آزمائش ہے کہ اسے انسانی حقوق اور انصاف قلیل مدتی سیاسی مفادات سے زیادہ عزیز ہیں۔ ایچ آر سی پی جو جوکھیو کیس پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، ناظم جوکھیو کو انسانی حقوق کا دفاع کار تسلیم کرتا ہے اور اس بات پر اصرار کرتا ہے دفاع کار کو نقصان پہنچانے والوں کو کسی بھی حالت میں قانونی کارروائی سے استثنیٰ نہیں ملنا چاہیے۔
حنا جیلانی
چیئرپرسن