پریس ریلیز

معاشی انصاف کا مطلب دولت کی منصفانہ تقسیم ہے

اسلام آباد،16 فروری 2023۔ پاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق (ایچ آر سی پی) نے آج اپنی سابق چیئرپرسن کی یاد میں تیسرے عاصمہ جہانگیر میموریل لیکچر کا اہتمام کیا۔ لیکچر سینئر ماہرِ معیشت ڈاکٹر پرویز طاہر نے دیا جنہوں نے اپنی گفتگو میں معاشی انصاف اور پاکستان کے بگڑتے معاشی ماحول پر اظہارِ خیال کیا۔

پاکستان کی تاریخ میں قانونی، سیاسی، اور انتظامی پیش رفتوں کا مفصّل جائزہ لیتے ہوئے، ڈاکٹر طاہر نے بتایا کہ کس طرح بانیِ پاکستان محمد علی جناح نے معاشی اصلاحات اور غربت میں کمی لانے پر زور دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تاہم، سیاسی عدم استحکام اور غیرمعقول مالیاتی پالیسیوں نے ایک کے بعد دوسرے معاشی بحران کو جنم اور معاشی تفریق کو بڑھوایا دیا۔

پاکستان کے دستوری و قانونی ڈھانچے میں معاشی انصاف پر زور کے باوجود، معاشی انصاف کے لیے درکار پالیسیاں تشکیل نہیں گئیں۔ اس کے علاوہ، ریاست غربت اور معاشی تفاوت کم کرنے کے لیے درکار مالی وسائل مختص کرنے میں ناکام رہی ہے، جو کہ پاکستان میں معاشی ناانصافی اور استحصال کے بنیادی عوامل ہیں۔

ڈاکٹر طاہر نے تجاویز پیش کیں کہ پاکستان کا بحٹ مختص کرتے وقت سب سے پہلی ترجیح عوام کی ضروریات ہونی چاہییں؛ وفاقی حکومت کا حجم اٹھارہویں ترمیم کی مطابقت می کم کیا جائے، املاک کے ٹیکس کا اختیار مقامی حکومتوں کو دیا جائے، اور بڑے مالکان کی آمدنی کو ریگولر ٹیکس کے نظام میں لایا جائے۔ معاشی انصاف کا مطلب صرف آمدنی میں اضافہ نہیں بلکہ دولت کی منصفانہ تقسیم ہے۔

حنا جیلانی
چیئرپرسن