پریس ریلیز

پی ٹی سی ایل کے سابق ملازمین کو بلا تاخیر ان کا منصفانہ پنشن کا حق دیا جائے

لاہور، 22 جولائی 2023۔ پاکستان کمیشن برائےانسانی حقوق (ایچ آر سی پی) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) کے سابق ملازمین کے بقایا جات کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ 2010 سے ان کی پنشن میں اضافے کے مطالبات کی حمایت کرتا ہے۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن ایمپلائز ٹرسٹ (پی ٹی ای ٹی) نے 2010 سے اب تک تقریباً 40,000 ریٹائرڈ ملازمین کوپنشن کی ادائیگی نہیں کی ۔ 2010 میں  وفاقی حکومت نے  پنشن میں اضافے کا اعلان کیا تھا۔ ان پنشنرز کو ان میڈیکل الاؤنسز سے بھی محروم رکھا گیا ہے جنہیں 2010 میں وفاقی ملازمین کی پنشن میں شامل کیا گیا تھا۔

اگرچہ یہ کیس متعدد فورمز پر پیش کیا جا چکا ہے، لیکن اس پر اب بھی کوئی  فیصلہ کن کارروائی نہیں کی جاسکی۔ سپریم کورٹ نے 2015 میں پنشنرز کے حق میں فیصلہ دیاتھا۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے 2019 میں اس خلاف ورزی کا نوٹس لیا تھا  اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن  نے اگلے سالوں میں پی ٹی ای ٹی کو اس کی تعمیل کرنے  کے احکامات بھی جاری کیے تھے۔ یہ امر  قابل مذمت ہے کہ پنشنرز سے کیے گئے وعدوں کے باوجود پی ٹی ای ٹی نے پنشن میں اضافہ آج تک روک رکھا ہے۔

اس طرح کی ہدایات پر عمل نہ کرکے نہ صرف حکومت اور عدلیہ کے اختیارات کی دھجیاں اڑائی جاتی ہیں بلکہ پنشنرز خاص طور پر کمزور طبقوں جیسے بیواؤں اور بزرگ افراد کےباوقار مزدوری  کے حق کو بھی نظر انداز کیا جاتا ہے۔  ایچ آر سی پی مطالبہ کرتا ہے کہ ریاست پی ٹی سی ایل  پنشنرز کے دیرینہ مطالبات کا نوٹس لے اور ان کے آجر کو پنشن کے حق کی خلاف ورزی کرنے پر جوابدہ ٹھہرائے۔

حنا جیلانی
چیئرپرسن