پریس رلیز
چولستان کے لوگوں کو اپنی مقامی شناخت کا حق حاصل ہے
بہاولپور، 28 فروری 2023۔ چولستان میں دو روزہ حقوق کیمپ کے اختتام پر، پاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق (ایچ آر سی پی) نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کرے کہ چولستان کے عوام کی محرومیوں کا سلسلہ ختم ہو اور انہیں وہ تمام حقوق میسر ہوں جن کے وہ پاکستان کے مساوی شہری ہونے کی حییثیت سے مستحق ہیں۔
ان شہادتوں کی بنیاد پر جو ایچ آر سی پی نے قلمبند کیں، ایچ آر سی پی کو ملنے والے لوگوں کا سب سے اہم مطالبہ یہ ہے کہ اس علاقے کی زمین قانون کی پیروی کرتے ہوئے صرف مقامی چولستانیوں کو الاٹ کی جائے۔ ایچ آر سی پی کو یہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ زمین کے بڑے حصے غیر مقامی لوگوں کو الاٹ کیے جا رہے ہیں اور چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی مقامی لوگوں کو زمین کی الاٹمنٹ میں من مانی تاخیر کرتی ہے۔
لوگوں نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان کے بعض حصوں کو ملا کر چولستان کو الگ ضلع بنایا جائے۔ اس سے چولستانی عوام کو اپنے قومی اور صوبائی اسمبلی کے اراکین منتخب کرنے کا موقع ملے گا، اور یوں اُن کی ضروریات اور مفادات کی بہتر نمائندگی ہو گی۔ اِس سے انہیں اپنا ڈومیسائل اور ملازمت و تعلیم میں کوٹہ حاصل کرنے کا موقع بھی ملے گا۔
ایچ آر سی پی چولستان کی خواتین، مذہبی اقلیتوں اور صنفی اقلیتوں کے بارے میں خاص طور پر فکرمند ہے۔ ایچ آر سی پی ان کے اِس مطالے کی حمایت کرتا ہے کہ انہیں صنف، صنفی شناخت یا عقیدے کی بنیاد پر امتیازات سے بالاتر ہو کر صحت کی دیکھ بھال، تعلیم اور معاش کے مواقع تک بہتر رسائی دی جائے۔
پانی اور چراگاہوں تک رسائی چولستان کی بقا کے لیے ناگزير ہےکیونکہ علاقے کی نیم خانہ بدوش آبادی کا تقریباً مکمل انحصار زراعت اور مویشیوں پر ہے۔ مستقبل میں خشک سالی جیسے شدید موسمی واقعات کے بڑھتے ہوئے امکانات کے پیشِ نظر، حکومت کو یقینی بنانا چاہیے کہ علاقے کی آبادی کو انسانوں اور مویشیوں کے استعمال کے لیے پانی تک رسائی حاصل ہو۔
ایچ آر سی پی یہ مطالبہ بھی کرتا ہے کہ چولستان کی مقامی آبادی کی مقامی شناخت کو تسلیم اور محفوظ کیا جائے۔ قومی مردم شماری میں مارواڑی بولنے والوں کو ایک الگ لسانی گروہ کے طور پر تسلیم کرنا چاہیے، جب کہ حکومتِ پنجاب کو چولستان کے لوگوں کے ساتھ مشاورت سے ایک حکمتِ عملی تیار کرنی چاہیے تاکہ ان کے شاندار تعمیراتی ورثے، دستکاری اور حیاتیاتی تنوع کو محفوظ رکھا جا سکے۔
ایچ آر سی پی سفارش کرتا ہے کہ پنجاب اسمبلی چولستان کے لوگوں کو درپیش مسائل پر خصوصی اجلاس منعقد کرے اور ان کی دیرینہ شکایات کے ازالے کے لیے مناسب قوانین نافذ کرے۔
حنا جیلانی
چیئرپرسن