پریس ریلیز

وکیل اسامہ خاور گھمن کو آئی اے رحمان ریسرچ گرانٹ 2022 سے نوازا گیا ہے

لاہور، 4 اکتوبر 2022۔ پاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق (ایچ آر سی پی) کو یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ آئی اے رحمان ریسرچ گرانٹ 2022 کے لیے اسامہ خاور گھمن کا انتخاب کیا گیا ہے۔ گھمن صاحب جو پیشے کے اعتبار سے وکیل ہیں، پنجاب میں پتھر توڑنے والی فیکٹریوں میں مزدوروں کی پیشہ ورانہ صحت اور حفاظت کے معاملات پر تحقیق کریں گے۔ وہ خاص طور پر، مزدوروں کا سلیکوسس (پھیپھڑوں کی ایک دائمی بیماری) سے دوچار ہونے کے خطرات کا جائزہ لیں گے۔ ایچ آر سی پی ان کی تحقیق کے نتائج شائع کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف سطحوں پر تقسیم کرے گا۔

نامور صحافی اور ایچ آر سی پی کے سابق سیکرٹری جنرل مرحوم آئی اے رحمان کے اعزاز میں متعارف کی گئی اس گرانٹ کا مقصد پاکستان میں انسانی حقوق کے مختلف شعبوں میں کی جانے والی تحقیق میں مدد فراہم کرنا ہے۔ اس سال کا موضوع ‘مزدوروں کے حقوق’ تھا۔ یہ ایک ایسا معاملہ ہے جس سے رحمان صاحب کو خاص لگاؤ تھا۔ گھمن صاحب کو سینئر ماہرینِ تعلیم اور انسانی حقوق کے دفاع کاروں کی ایک خودمختار کمیٹی نے منتخب کیا ہے، جس میں تجربہ کار کارکن نسرین اظہر، مزدوروں کے حقوق کی محقق زینیہ شوکت، اور مزدوروں کے معاملات پر وسیع علم رکھنے والی ماہرِ معیشت ڈاکٹر عالیہ خان شامل ہیں۔

کمیٹی نے موصول ہونے والی درخواستوں کی وسعت اور گہرائی کی تعریف کی، اور کہا کہ اتنے اعلیٰ تعلیم یافتہ امیدواروں میں سے  گھمن  صاحب کا انتخاب انتہائی مشکل کام تھا۔

حنا جیلانی
چیئرپرسن