پریس ریلیز

کراچی میں ڈاکٹر کے قتل کی مکمل تحقیقات کی جائیں: ایچ آرسی پی

لاہور، 25 مئی 2023۔ پاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق (ایچ آر سی پی) کی قیادت میں ہونے والے ایک فیکٹ فائنڈنگ مشن کو معلوم ہوا ہے کہ 31  مارچ کو کراچی میں ڈاکٹر بیربل گینانی کے قتل کی بنیادی وجہ ہندو برادری کے ساتھ اُن کا تعلق نہیں تھی۔

مشن نے 15 اپریل 2023 کو تحقیقات سے منسلک قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کے ساتھ ساتھ مقتول کے دوستوں اور اہلِ خانہ سے ملاقات کی۔ اگرچہ مجرم ابھی تک فرار ہیں اور تفتیش جاری ہے، مگر شواہد بتاتے ہیں کہ یہ جرم ذاتی دشمنی کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔ مشن سے ملاقات کرنے والوں کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں لگتا ہے کہ ڈاکٹر گینانی کی مذہبی یا سیاسی وابستگی اُن کے قتل کی وجہ بنی  ہے۔

تاہم تشویش کی بات یہ ہے کہ مقتول کے ساتھ گاڑی میں موجود نرس جو اُن کے کلینک میں کام کرتی تھیں اور قتل کے وقت اُن کے ساتھ سفر کر رہی تھیں، اُن کو ابھی تک تلاش نہیں کیا گیا، نہ ہی اِس پہلو کو سامنے رکھتے ہوئے کسی خاتون پولیس اہلکار کو اس معاملے کی تحقیقات میں شامل کیا گیا ہے۔ مزید برآں، جرم کی نوعیت بتاتی ہے کہ یہ ایک منظم جرم تھا کیونکہ مجرم سی سی ٹی وی کیمرے میں ریکارڈ ہونے سے بچنے میں کامیاب رہے۔

مشن سفارش کرتا ہے کہ پولیس تحقیقاتی عمل کو تیز کرے، ترجیحاً اِس مقصد کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی تشکیل دی جائے۔ ایسے جرائم کے متعلق کلیدی ثبوت حاصل کرنے کے لیے مزید سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے جانے چاہییں۔ مزید برآں، شہر میں سیکبورٹی کو بڑھانا ضروری ہے، کیونکہ یہ جرم لیاری ایکسپریس وے سے چند سو میٹر کے فاصلے پر پیش آیا تھا۔ یہ واقعہ سندھ میں جرائم میں حالیہ اضافے کے کئی
واقعات میں سے ایک ہے، جن پر مزید تاخیر کیے بغیر توجہ دی جانی چاہیے۔

حنا جیلانی
چئیرپرسن