پریس ریلیز

انتخابات کے حوالے سے پائی جانے والی غیریقینی صورتِ حال ختم ہونی چاہیے

لاہور، 3 ستمبر 2023۔ پاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق (ایچ آر سی پی) کی انتظامی کونسل نے آج اپنے ایک اجلاس کے اختتام پر انتخابات کے حوالے سے پائی جانے والی غیریقینی صورتِ حال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ایچ آر سی پی نے الیکش کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) پر زور دیا ہے کہ وہ انتخابات کے شیڈول کا فوری طور پر اعلان کرے اور کوشش کرے کہ انتخابات کی تاریخ مقرر کردہ نوے دنوں کے ممکنہ حد تک قریب ترین ہو۔ حلقہ بندیاں فوری طور پر اور مؤثر طریقے سے کی جائیں اور اُنہیں انتخابات کو مزید مؤخر کرنے کے لیے بطورِ بہانہ استعمال نہ کیا جائے۔ اِس کے علاوہ، ایچ آر سی پی کو نادرا جیسے اداروں کی طرف سے انتخابی عمل میں ساز باز کرنے کے خدشے پر بھی تشویش ہے۔ کمیشن کا ای سی پی سے مطالبہ ہے کہ وہ اِس خدشے کے ازالے کے لیے تمام ضروری کارروائی کرے۔

ایچ آر سی پی ملک میں بڑھتے ہوئے انتشار سے بھی فکر مند ہے، حہاں اطلاعات کے مطابق، ٹی ایل پی جیسی انتہائی دائیں بازو کی سیاسی جماعتوں کے لیے مصنوعی سیاسی جگہ بنانے کے لیے مذہبی و فرقہ ورانہ دھڑے بندیوں کو ہوا دی جا رہی ہے۔ اس طرح کی سیاسی جماعتیں اپنی سیاسی شناخت کے لیے متنازعہ اور پُرتشدد ہتھکنڈے استعمال کر کے جاندار سیاسی و شہری فضا پر قابض ہوتی ہیں جس کی قیمت خاص طور پر مذہبی اقلیتوں و فرقوں کو چکانی پڑتی ہے۔ مزیدبرآں، خیبر پختونخوا میں جاری دہشت گردی کی وجہ سے سیاسی جماعتیں صوبے میں انتخابی مہم چلانے سے خوفزدہ ہیں۔ اِس رجحان کا ہم نے ماضی میں بھی مشاہدہ کیا ہے اور یہ کسی بھی صورت میں دہرایا نہیں جانا چاہیے۔

آزادانہ، منصفانہ اور قابلِ بھروسہ انتخابات کا انقعاد یقینی بنانے کے علاوہ، موجودہ نگران حکومت کو نہ صرف اس امتحان سے سرخرو ہونا پڑے گا کہ اِس نے عوام کے پُر امن احتجاج کے حق کا تحفظ و احترام کیا ہے بلکہ یہ بھی کہ وہ اُن مسائل کا سنجیدہ نوٹس لے گی جن کی وجہ سے لوگ متحرک ہو رہے ہیں۔

حنا جیلانی
چئیرپرسن