پریس ریلیز
ایچ آر سی پی نے عورتوں کے قومی دن پر اُن کی ثابت قدمی کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے
لاہور، 12 فروری 2022۔ خواتین کے قومی دن کو مناتے ہوئے، پاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق (ایچ آر سی پی) کو خواتین کی تحریک کا حصہ بننے اور اُن ہزاروں خواتین کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہونے پر فخر ہے جو گھر کے اندر اور عوامی مقامات پر اپنے حقوق لینے کے لیے رُجعتی قوانین اور جابرانہ نظاموں کے خلاف مزاحم ہوئی ہیں۔
یہ اُن کی ثابت قدمی اور جذبے کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں خواتین کی تحریک اب نسل، عقیدے، عمر، صنفی شناخت، معذوری اور طبقے کی حدود سے بالاتر ہے۔ اگر حالیہ برسوں میں خواتین کے خلاف تشدد کے واقعات اور دائرہ کار میں اضافہ ہوا ہے جس کی مثالیں ہمیں اسلام آباد میں نور مقدم کے بہیمانہ قتل سے لے کر بلوچستان میں خواتین کی جبری گمشدگی اور ماورائے عدالت قتل سے ملتی ہیں تو اُن میں انصاف ہوتا ہوا دیکھنے کی صلاحیت بھی بڑھی ہے۔
یہ عورتوں اور اُن کے ساتھیوں کی انتھک وکالت کی بدولت ہی ممکن ہوا ہے کہ آج عورتوں کو تشدد، ہراسانی اور بدسلوکی سے ماضی کی نسبت بہتر تحفظ حاصل ہے، کم از کم قانون کی حد تک۔ اِس کے باوجود، ایچ آر سی پی مستقبل میں اِس سے بھی سخت لڑائیاں دیکھ رہا ہے جن کے مقابلے کے لیے ہمیں یقین ہے کہ حقوق کی دفاع کار عورتوں کی نئی نسل پوری طرح تیار ہے۔
حنا جیلانی
چیئرپرسن